وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دونوں معاونین کے استعفی منظور کر لیے ہیں اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن کا اجرا بھی کر دیا گیا ہے۔
بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کے معاونین کے کردار پر جاری منفی بحث اور حکومت پر تنقید کے بعد میں نے استعفی دینے کا انتخاب کیا ہے۔‘
ڈاکٹر ظفر مرزا کی جانب سے مستعفی ہونے کے اعلان سے کچھ دیر قبل معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ آئدروس نے کہا تھا کہ دوہری شہریت کے معاملے میں ان پر ہونے والی تنقید کی وجہ سے ڈیجیٹل پاکستان منصوبہ متاثر ہو رہا ہے اور اس لیے وہ مستعفی ہو رہی ہیں۔
تانیہ آئدروس کا کہنا تھا ’میری شہریت کی وجہ سے ریاست پر تنقید کی گئی، جس سے ڈیجیٹل پاکستان کا مقصد متاثر ہو رہا ہے۔ عوامی مفاد کی خاطر میں وزیراعظم کے معاون خصوصی کی حیثیت سے استعفیٰ دے رہی ہوں۔ میں اپنے ملک کی خدمت اور وزیراعظم کے وژن کے لیے کام کرتی رہوں گی۔‘